پلوامہ: جنوبی ضلع پلوامہ میں لوگوں سے زبردستی پیسے بٹورنے والے بھتہ خوار کو پولیس نے گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دو نقلی پستول برآمد کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ راج پورہ کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ لوگ دھمکیاں دے کر عام لوگوں سے پیسے وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کے متعلق ایف آئی آر زیر نمبر 22 زیر دفعات 420,506,384 آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
موصوف ترجمان کے مطابق دوران تفتیش پولیس نے عندلیب احمد میر ولد عبدالرشید میر ساکن راجپورہ پلوامہ کو دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے جرم میں استعمال ہونے والے دو کھلونا نما پستول برآمد کئے۔
مزید پڑھیں: کولگام میں بھتہ خوارماڈیول کا پردہ فاش، پانچ افراد گرفتار
پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے شر پسند عناصر جو بھتہ خوری اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کی نشاندہی کرنے میں اپنا دست تعاون فراہم کریں تاکہ ایسے جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جاسکے۔