شوپیاں (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے چھوٹی پورہ علاقے میں ایک سرگرم و مطلوب عسکریت پسند کی جائیداد کو جموں و کشمیر پولیس نے قرق کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک سرگرم و مطلوب عسکریت پسند عابد رمضان شیخ ولد محمد رمضان شیخ، ساکنہ چھوٹی پورہ، شوپیاں کی غیر منقولہ جائداد این آئی اے کی خصوصی عدالت کے حکم نامہ کے بعد شوپیاں پولیس نے ضبط کر لی ہے۔
شوپیاں پولیس کی جانب کی گئی کارروائی کے دوران سیول انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ عابد رمضان شیخ کو لشکر طیبہ نامی عسکریت پسند تنظیم کے اعلیٰ کمانڈرز میں گردانا جاتا ہے۔ عابد رمضان کو شوپیان میں ہونے والے تمام حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی مانا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے شوپیاں میں بی جے پی کے سابق سرپنچ کو عسکریت پسندوں نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جموں کشمیر پولیس نے سرگرم عسکریت پسندوں یا عسکریت پسندوں کے معاونین کی غیر منقولہ جائیداد قرار کر ہی ہے۔ جموں کشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے یہ کارروائی دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے انجام دی جانے لگی۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے پیش نظر یہ غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہے اور پولیس کی جانب سے نوٹس چسپاں کی جاتی ہے اور محکمہ مال کو بھی اس جائیداد کی نشاندہی کرائی جاتی ہے جس کی رو سے جائیداد کے مالک اس کو نہ تو فروخت ہی کر سکتے ہیں اور نہ کسی کو کرائے پر یا لیز پر دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بارہمولہ میں چھ کنال دس مرلہ اراضی قرق - Police Attached Property