اونتی پورہ: چک راجپورہ اونتی پورہ میں کئی تیندوں کی موجودگی سے مقامی آبادی میں خوف وہراس پھیل گیا ہے اور آبادی گھروں سے باہر نکلنے میں ڈر محسوس کر رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف نے اگرچہ علاقے میں کیج نصب کیا ہے، مگر کسی بھی تیندوے کو اب تک قابو نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے آبادی بدستور مشکلات میں ہے۔
اطلاعات کے مطابق چک راجپورہ اونتی پورہ میں گزشتہ ایک ماہ سے کئی تیندوں کی موجودگی آبادی کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے اور ڈر کے مارے آبادی ترک سکونت پر مجبور ہوگئی ہے۔ اس معاملے کو لیکر اب مقامی آبادی سراپا احتجاج کر رہی ہے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے چک راجپورہ کی آبادی نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران بھی کئی تیندوے دیکھے گئے ہیں جس کے بعد آبادی سہم کر رہ گئی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے اگرچہ علاقے میں کیج نصب کیا ہے، تاہم کسی بھی تیندوے کو اب تک قابو نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ تیندوے کی موجودگی کے سبب بچے عید کی خوشیاں بھی نہیں منا سکے۔مقامی لوگوں کے مطابق اب وہ تنگ آمد بہ جنگ آمد اس گاوں سے ترک سکونت پر مجبور ہوگئے ہیں۔ یاد رہے گزشتہ برس بھی اس علاقے میں ایک بکروال لڑکے کو تیندوے نے بُری طرح زخمی کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: گاندربل: رہائشی علاقے میں تیندوا کے گھسنے سے دہشت کا ماحول
وائلڈ لائف کے ایک عہدیدار مظفر احمد نے اس حوالے سے فون پر بتایا کہ چک کے علاوہ دو تین مقامات میں بھی تیندوے کی موجودگی کی خبریں موصول ہونے کے بعد ہم نے کیج نصب کئے ہیں، تاکہ ان جنگلی جانوروں کو قابو کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔