گاندربل: جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں پولیس شہدا کے اعزاز میں والی بال ٹورنامنٹ شہدا پولیس پریمیئر لیگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ایونٹ کا ٹورنامنٹ فائنل ڈی پی ایل گاندربل میں کھیلا گیا۔
ڈی پی ایل گاندربل میں منعقدہ والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل بی ایچ ایس ایس کرہامہ اور بی ایچ ایس ایس گاندربل نے ایک دوسرے کو کڑی ٹکر دی جس میں بی ایچ ایس ایس کرہامہ 3:2 سے جیت کر فاتح بنی۔ فائنل میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کھلاڑیوں نے اپنے جوش و خروش سے ناظرین کا دل جیت لیا۔
تقریب کی صدارت ایس ایس پی گاندربل وسیم قادری نے کی۔ اس موقعے پر متعدد اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ پولیس نے مختلف ثقافتی، کھیل اور تعلیمی تقریبات میں حصہ لینے والے تمام شرکا کی ستائش کی۔ ان تقریبات کا انعقاد پولیس فلیگ ڈے ہفتہ 2024 کے بینر تلے کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین پریمیئر لیگ بارہمولہ کا شاندار فائنل اور اختتام
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے قومی اتحاد اور سالمیت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے مختلف کھیلوں اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلع کے صلاحیت مند طلبا اور نوجوانوں کو تلاش کرنا اور انہیں پلیٹ فارم فراہم کرنا بھی اس کا ایک ہدف تھا۔ ایونٹ کے اختتام پر فاتح اور رنراپ ٹیموں کو نقد انعامات، ٹرافیاں اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔