سرینگر: منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اس سلسلے میں ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس نے غلام محمد میر عرف گل قصائی ولد محمد عبداللہ میر ساکن بوگام نامی بدنام زمانہ منشیات فروش کے قریب دس لاکھ 14 ہزار 8 سو 94 روپیے مالیت کے یک منزلہ رہائشی مکان کو قرق کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کولگام میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 166/2015 درج تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ کولگام پولیس کی طرف سے تحقیقات کے دوران اس جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: بارہمولہ: منشیات فروش کی 15 لاکھ روپے کی غیر قانونی جائیداد ضبط
ان کا کہنا تھا: 'یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی'۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے سال رواں میں وادی کشمیر کے کئی اضلاع میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کئی منشیات فروشوں کی پراپرٹی کو اٹیچ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس طرح کی کارروائی سے منشیات فروشوں کے حوصلے پست ہوجائے گے اور منشیات کے کاربار میں کمی آسکتی ہے۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)