جموں: جموں و کشمیر میں ستمبر - اکتوبر میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور جے پی نڈا جموں و کشمیر میں بی جے پی کی مہم کی قیادت کرتے ہوئے 10 سے 15 جلسوں کے دوران ووٹروز سے خطاب کریں گے۔ اس بات کا اطلاع بی جے پی کے ایک سینئر رہنما نے ای ٹی وی بھارت کو دی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، پی ایم او میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چُگ کو جموں و کشمیر کی 90 نشستوں کے اسمبلی انتخابی امیدواروں کی جانچ اور 21 اگست کو حتمی فہرست جاری کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
بی جے پی رہنما نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، راجناتھ سنگھ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سمیت کئی اعلیٰ بی جے پی لیڈران جموں و کشمیر میں جلسوں سے خطاب کرکے ووٹرز کو بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے لیے بی جے پی کی سنجیدہ کوششوں کی اور اشارہ کر رہا ہے۔
بی جے پی، جموں کشمیر یونٹ، کے صدر، رویندر رینہ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک حکمت عملی کے تحت بی جے پی، جموں و کشمیر میں انتخابات کے دوران تنہا حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم وادی کشمیر میں بی جے پی آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ بی جے پی اپنے امیدواروں کی فہرست میں ایک اہم تبدیلی کی بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق 80 فیصد امیدوار نئے چہرے ہوں گے۔
یاد رہے کہ جمعہ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مراحل میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور 1 اکتوبر کو منعقد ہونے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات 10 سال کے بعد ہو رہے ہیں، آخری مرتبہ یہاں اسمبلی انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی کشمیر میں کسی پارٹی سے اتحاد نہ کر کے آزاد امیدواروں کی حمایت کرے گی: رینہ - JK Assembly Elections