پلوامہ، پونچھ (جموں کشمیر) : محکمہ صحت اور طبی تعلیم کی جانب سے منعقدہ تقاریب کے دوران جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ اور صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں ہیلتھ کیئر کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کے غرض سے ضلع ہسپتالوں میں انٹینسیو/ کریٹیکل کیئر یونٹس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نریندر مودی نے ورچول موڑ کے ذریعے کیا۔
پلوامہ میں تقریب
پلوامہ میں سنگ بنیاد رکھے گئے کریٹیکل کیئر یونٹ میں پچاس بستروں کی گنجائش ہوگی جس سے پلوامہ سمیت آس پاس کے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی ایمرجنسی کے دوران زندگی بچانے والی طبی امداد فراہم کرنے کی ہسپتال کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ حکام نے بتایا کہ محکمہ صحت کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور مقامی آبادی کے لیے صحت کی بہتر خدمات کو یقینی بنانے کے لیے جلد ہی اس یونٹ کو مکمل کیا جائے گا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم، ڈی ڈی سی چیئرپرسن عبد الباری اندرابی، چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے دیگر افسران اور معززین نے تقریب میں شرکت کی اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی عزم پر زور دیا۔ اس اہم انٹینسیو کیئر یونٹ کے افتتاح کے ساتھ ہی پلوامہ ضلع نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چیئرمین عبدالباری اندرابی نے کہا کہ ’’اہم کریٹیکل کیئر بلاک، جس کا وزیر اعظم نے سنگ بنیاد رکھا، سے ضلع میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو فروغ ملے گا۔‘‘
مزید پڑھیں: وزیراعظم نے گجرات کے پہلے ایمس کا کیا افتتاح
پونچھ میں بھی ورچول موڑ کے ذریعے کریٹیکل کیئر بلاک کا سنگ بنیاد
نریندر مودی نے راجہ سکھ دیو سنگھ ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ کے لیے بھی کریٹیکل کیئر بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔ سکھ دیو سنگھ ہسپتال میں 24 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین 50 بستروں والے کریٹیکل کیئر بلاک کا مودی نے ورچوئل موڑ کے ذریعے سنگ بنیاد رکھا۔ مقامی باشندوں، منتخب عوامی نمائندوں نے محکمہ صحت، ایل جی انتظامیہ سمیت مرکزی حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں طبی خدمات کو تقویت پہنچے گی۔