بڈگام: پدم شری ایوارڈ یافتہ غلام محمد میر نے بدھ کے روز بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔بی جے پی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پدم شری ایوارڈ یافتہ غلام محمد میر نے بدھ کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا دامن تھام لیا۔انہوں نے کہا کہ میر کی شمولیت سے آئندہ لوک سبھا چناو سے قبل پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔
جموں وکشمیر کے بڈگام میں ضلع صدر حکیم روح اللہ غازی کی موجودگی میں غلام محمد میر نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔
غلام محمد میر عرف مومہ کنا کو فوج کے ساتھ کام کرنے کے صلے میں سال 2010 میں ملک کے سب سے بڑے سیول ایوارڈ پدم شری سے نوازا گیا۔بی جے پی نے پدم شری ایوارڈ یافتہ غلام محمد میر کے بی جے پی میں شامل ہونے کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بی جے پی میں آمد سے پارٹی مزید مستحکم ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں: راجوری اور اننت ناگ کی سیٹوں پر بی جے پی اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش میں
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران جموں وکشمیر میں سینکڑوں کی تعداد میں ذی عزت شہریوں اور سیاستدانوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔بی جے پی ضلع صدر بڈگام حکیم روح اللہ غازی نے غلام محمد میر کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔