بانڈی پورہ: نیشنل کانفرنس (این سی) نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں صدر کوٹ بالا علاقے میں کارکنوں کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں پارٹی کے سینئر لیڈران و کارکنان کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام میں شمالی کشمیر سے این سی کے موجودہ پارلیمنٹ ممبر محمد اکبر لون کے فرزند اور سینئر این سی لیڈر ہلاک ہلال اکبر لون سمیت دیگر افراد نے خطاب کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ (لوک سبھا) الیکشن جموں و کشمیر کے شہریوں سے چھینے گئے آئینی حقوق کے لیے لڑنے کا ریفرنڈم ہے اور اُن (چھینے ہوئے) حقوق کو صرف نیشنل کانفرنس ہی بحال کر سکتی ہے۔‘‘ مقررین نے کارکنان سے زمینی سطح پر کام کرنے اور پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
تقریب کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ہلال اکبر لون نے کہا کہ ’’اگرچہ ہمارے تمام سیاسی حریف ہمارے خلاف متحد ہو گئے ہیں لیکن اس سے نیشنل کانفرنس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ کشمیر کے لوگ لوک سبھا انتخابات میں این سی کی حمایت کے لیے متفق اور غیر متزلزل ہیں۔‘‘ انہوں نے پی ڈی پی، پیپلز کانفرنس سمیت جموں کشمیر اپنی پارٹی کی بھی سخت مذمت کی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ دفعہ 370کی تنسیخ کے وقت نیشنل کانفرنس کے تین ممبران پارلیمنٹ میں موجود تھے جن میں اکبر لون بھی شامل ہیں، تاہم انہوں نے پارلیمنٹ میں اس کے خلاف کوئی آواز کیوں نہیں اٹھائی؟ ہلال لون نے کہا: ’’اپوزیشن جماعت کے ممبر پارلیمنٹ کی آواز کوئی نہیں سنتا۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: نیشنل کانفرنس نے اقتدار حاصل کرنے کے خاطر خود اتحاد توڑا:صوفی عبدالغفار - Lok sabha Election 2024