اننت ناگ (جموں و کشمیر): ضلع اننت ناگ کے ساتوں اسمبلی حلقوں پر این سی اور کانگریس الائنس کے امیدواروں نے تاریخی جیت درج کی، جس سے کانگریس اور این سی کے خیموں میں زبردست جشن کا ماحول ہے، دونوں پارٹیوں کے کارکنان نے اننت ناگ کے مختلف علاقوں سمیت کاؤنٹنگ مرکز کے باہر جشن منایا اور فاتح امیدواروں کو مبارکباد دی۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے میر اشفاق سے بات کرتے ہوئے ورکرس نے کہا کہ وہ کافی خوش ہیں کہ این سی اور کانگریس اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا طویل عرصہ کے بعد جموں کشمیر میں ایک مضبوط حکومت قائم ہوگی جس سے یہاں کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہو سکے گی، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پورا اعتماد ہے کہ ان کے نمائندے علاقوں میں درپیش مصائب و مشکلات کا ازالہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اننت ناگ کے ساتوں اسمبلی نشتوں پر این سی اور کانگریس الائنس نے اپنی جیت درج کی، سریگفوارہ، بجبہاڑہ میں این سی کے ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے پی ڈی پی کی التجا مفتی کو 9770 ووٹوں سے شکست دی۔ اننت ناگ ویسٹ میں این سی کے عبدالمجید لارمی نے پی ڈی پی کے عبدالغفار صوفی کو 10435 سے شکست دی، وہیں پہلگام میں این سی کے الطاف قلو نے 18159 ووٹوں سے جیت درج کی۔
یہ بھی پڑھیں:
شانگس اننت ناگ ایسٹ میں این سی کے ریاض احمد خان نے 14523 ووٹوں سے سیٹ پر قبضہ کیا، اننت ناگ 44 مرکزی سیٹ پر پیر زادہ محمد سید نے اپنے سب سے بڑے حریف پی ڈی پی کے ڈاکٹر محبوب کو 1686 ووٹوں سے ہرایا، کانگریس کے غلام احمد میر نے ڈورو میں 29413 کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ،کوکرناگ (ایس ٹی) سیٹ پر این سی کے ظفر علی کھٹانہ نے 6162 ووٹ حاصل کئے۔