سرینگر: نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز کہا کہ فلسطین میں لوگوں کے مارے جانے کے باوجود مسلم ممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے کی جارہی جارحیت کی مذمت کی۔ انہوں نے سری نگر میں درگاہ حضرت بل میں عیدالفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک ہو یا فلسطین، مسلمانوں کو مشکل وقت کا سامنا ہے۔ فاروق عبداللہ نے اس موقع پر دعا کی کہ ’اللہ مسلمانوں پر رحم کرے۔ ہمارا ملک ہو یا فلسطین، مسلمانوں کو مشکل وقت کا سامنا ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ فلسطین میں لوگوں کے مارے جانے کے باوجود مسلم حکومتیں خاموش ہیں۔ اللہ انہیں کچھ عقل دے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’مسلمانوں کی زندگی اہم ہے، چاہے وہ ہمارے ملک میں ہو یا فلسطین میں‘۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں بدھ کے روز عید الفطر کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جو ش خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ وادی کشمیر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔