اننت ناگ: جموں و کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے مختلف اسمبلی حلقہ میں پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں، 10 سال کے بعد انتخابات ہورہے ہیں، جس کی وجہ سے ووٹرز میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ سخت ترین حفاظتی انتظامات کے بیچ اننت ناگ میں پہلے مرحلے کے تحت پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی۔ ووٹ دینے والوں میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھیں۔ اس کے علاوہ پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوانوں نے بھی جوش و خروش کے ساتھ پولنگ میں حصہ لیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایک ووٹر نے بتایا کہ جمہوری نظام کی بحالی کےلئے ووٹ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمہوریت کی بقا کےلئے ہر ایک کو آگے آنا چاہئے اور بڑھ چڑھ کر ووٹنگ عمل میں حصہ لینا چاہئے۔ وہیں ایک اور ووٹر نے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایاکہ پولنگ بوتھ پر بہتر انتظامات ہیں اور انتخابات کے پیش نظر علاقہ میں بھی سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انجینئر رشید کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، بی جے پی کے لیے بھی: عمر عبداللہ کا طنز - Omar On Er Rashid
جی اے میر جنرل سیکرٹری انڈین نیشنل کانگریس نے کہا کہ ’جو دس سالوں کا ناقص راج تھا، دہلی سے یہاں کے لوگوں پر راج کیا جارہا تھا، اسے تبدیل کرنے کےلئے ووٹ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جموں و کشمیر میں بدلاؤ اور خوشحالی و ترقی کےلئے بڑھ چڑھ کر ووٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کے جو بھی حقوق چھینے گئے انہیں عوام واپس لوٹانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔