اننت ناگ (جموں کشمیر) : دیگر لوک سبھا سیٹوں کی طرح جموں کشمیر کی پانچ پارلیمانی نشست پر ووٹوں کی گنتی کا عمل 4 جون صبح 8 بجے سے شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ گنتی مراکز کے اردگرد سیکورٹی کو بھی چوکس کر دیا گیا ہے۔ اننت ناگ میں گنتی مرکز گورنمنٹ ڈگری کالج بائز، کھنہ بل میں قائم کیا گیا ہے، جس کے آس پاس صبح سویرے سے ہی دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔
اننت ناگ - راجوری سیٹ 18 حلقوں پر مشتمل ہے، جن میں 18 لاکھ سے زیادہ ووٹرز ہیں، اس نشست پر کل 20 امیدوار میدان میں ہیں جن کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کل یعنی 4 جون کو ہوگا۔ واضح رہے کہ اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست پر 25 مئی کو تقریبا 53 فیصد ووٹنگ شرح رکارڈ کی گئی جو گزشتہ تین دہائیوں میں ریکارڈ ووٹنگ ہے۔
چار مئی کی صبح 8 بجے پہلے پوسٹل ووٹنگ کی گنتی کی جائے گی، جبکہ باقی راؤنڈز میں دیگر ووٹوں کی گنتی ہوگی، وہیں وادی کشمیر سے باہر مقیم مہاجر کشمیری پنڈتوں کے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی دارالحکومت دہلی میں کی جائےگی، جہاں پر ایک مخصوص ووٹنگ مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اننت ناگ - راجوری سیٹ پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، این سی کے میاں الطاف لاروی کے درمیاں سخت مقابلہ مانا جاتا ہے، اپنی پارٹی کے امیدوار ظفر اقبال منہاس اور ڈی پی اے پی کے امیدوار محمد سلیم پرے بھی اہم امیدوار ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے اننت ناگ کے باشندوں نے کہا کہ وہ 4 مئی کا بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد انہیں جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے اور عوامی نمائندہ نہ ہونے کے سبب انہیں کافی مشکلات درپیش ہیں اسلئے انہوں نے جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تاکہ وہ حق رائے دیہی کے ذریعے اپنے نمائندہ کا انتخاب کر سکیں جو پارلیمنٹ میں عوام کی بہتر نمائندگی کر سکے۔
سیاسی تجزیہ کار ایس طارق نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ - راجوری نشست پر مقابلہ کافی دلچسپ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور این سی اس مقابلہ میں سرفہرست ہونگے۔ ایس طارق نے کہا کہ حد بندی کے بعد پہلی مرتبہ دو خطوں کے ووٹروں کی رائے ای وی ایم مشینز میں بند ہے جو کل منظر عام پر آنے کے بعد پتہ چلے گا کہ عوام نے کس نمائندہ کا انتخاب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوک سبھا الیکشن نتائج سے قبل سیاسی جوش و خروش میں اضافہ - Lok Sabha Election 2024 Results