پلوامہ: جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے پلوامہ میں آج مختلف پارٹیوں کے کئی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے۔ اس موقع پر کئی امیدوار پارٹی کارکنوں کے ساتھ پہنچے۔ اس سلسلے میں آج نیشنل کانفرنس کے سابق ایم پی ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی، سابق ایم ایل اے غلام محی الدین میر ،محمد خلیل بند نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ وہیں، پی ڈی پی کے نامزد امیدوار وحیدالدین پرا، سابق ایم ایل اے ظہور احمد میر ، سابق ایم ایل اے سید بشیر نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے جبکہ عام آدمی پارٹی ،عوامی اتحاد پارٹی ،راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی ، بی جے پی، جموں وکشمیر اپنی پارٹی ، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے ساتھ ساتھ کئی آزادی امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔ دوسری جانب، جماعت اسلامی کے کئی ارکان نے جموں اینڈ کشمیر جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ فرنٹ کے نام پر ان انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے تو ایسے میں اس فرنٹ کے کئی ارکان نے بھی آج اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔
اس طرح سے ضلع پلوامہ کی چار نشستوں کے لئے کل 70 سے زیادہ امیدوارں نے آج اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے ہیں۔ جن کا انتخاب 407637 ووٹر کریں گے۔ پلوامہ کی چار نشستوں کے لیے انتظامیہ کی جانب سے 481 بولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے سابق ممبر ڈاکٹر طلعت مجید نے کہا کہ، ہم بطور آزاد امیدوار میدان میں آئے ہیں اور جو بھی آزاد امیدوار ہم خیال ہوگا اس کی مدد کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی داخل کرنے آئے پی ڈی پی کے امیدوار وحیدالدین پرا نے کہا کہ، پارٹی کا منشور میں نوجوانوں کو جیل سے رہائی دلانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار مدثر حسن نے بات کرتے ہوئے کہا کہ، اگر ہماری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو یہاں پر دہلی ماڈل اپنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: