شوپیاں (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے شہری ہلاک کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی ریلی میں شریک ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) شوپیاں، شاہد سلیم نے کہا کہ ’’غیر ریاستی مزدور کی ہلاکت میں ملوث افراد کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لا کھرا کیا جائے گا۔‘‘ یاد رہے کہ شوپیاں کے وانڈنہ، زینہ پورہ میں جمعہ کو ایک غیر مقامی شہری کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد کی گئی تھی۔
غیر مقامی شہری کی ہلاکت کے خلاف سیاسی و سماجی لیڈران کے علاوہ عوامی حلقوں کی جانب سے بھی مذمت کی گئی۔ شوپیاں ضلع، جہاں یہ واقعہ پیش آیا، میں آج ایک احتجاجی ریلی برآمد کی گئی جس میں طلباء، سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی اور اس قتل کی شدید مذمت کی گئی۔ ریلی میں شامل ڈی سی شوپیاں نے کہا: ’’اس طرح کے واقعات نہ صرف علاقے کے امن کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ یہ واقعات انسانیت کے خلاف بھی ہیں۔‘‘
ادھر، جموں کشمیر پولیس کے مطابق اشوک چوہان نامی ایک مزدور کی لاش شوپیاں کے وانڈنہ زینہ پورہ علاقے سے برآمد ہوئی اور اس کے جسم پر گولیوں کے نشانات پائے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اشوک کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے ہلاک کیا ہے اور پولیس نے اس قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ادھر، جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دریں اثناء، مقتول کی لاش کو آج آس کے آبائی علاقے اتر پردیش روانہ کیا گیا ہے اور اس افسوسناک واقعے سے علاقے میں غم و غصے کی لہر پیدا ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شوپیان میں غیر ریاستی شخص کی لاش برآمد