سرینگر: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں گذشتہ روز کی شام درگاہ حضرت بل کے مقامی باشندوں نے نامعلوم افراد کے حملے میں ہلاک ہونے والے غیر مقیم شہریوں کی ہلاکت پر کینڈل مارچ کا اہتمام کیا۔ سرینگر میں نکالے گئے موم بتی جلوس میں درجنوں لوگوں نے شرکت کی۔ مقامی لوگوں نے غیر مقیم باشندوں پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے اس طرح کے حملے پر جلد سے جلد قابو پانے کی اپیل کی۔
مقامی باشندوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے غیر مقیم شہریوں کے رشتہ داروں سے ہمدردی ہے۔ ہلاک شدگان کو تعزیت پیش کی جاتی ہے۔ غیر مقیم شہریوں کو ہدف بنانا بالکل غلط ہے۔ اس سے عام لوگوں میں منفی پیغام جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل جی انتظامیہ کو اس ضمن میں جلد سے جلد ٹھوس قدم اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ غیر مقیم شہریوں پر حملوں کا سلسلہ بند ہو سکیں۔ ہم اس حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پٖڑھیں:عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مظاہرے
واضح رہے کہ سری نگر کے شالہ کدل علاقے میں بدھ کی شام نامعلوم افراد نے پنجاب کے امرتسر سے تعلق رکھنے والے دو لوگوں امرت پال سنگھ اور روہت ماشی پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں دونوں کی موت ہو گئی۔