ترال: وادی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال سے تعلق رکھنے والے روحیل مقبول شیخ وادی میں آبی ذخائر کو بچانے اور اس حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ان کے اس کام کی سماجی اور سیاسی حلقوں میں خوب ستائش کی جا رہی ہے، وہیں سرکاری سطح پر بھی اس نوجوان کی پذیرائی کی جا رہی ہے ۔آج جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے ماہانہ ریڈیو پروگرام عوام کی آواز میں اس ہونہار نوجوان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم روحیل کا آبی ذخائر کو بچانے اور اس بارے میں آگاہی، پھیلانے کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔
روحیل مقبول نے لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے ان کا نام لینے پر ایل جی منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورنر صاحب کے الفاظ سے مجھے حوصلہ ملا ہے اور میں اب آبی ذخائر کو بچانے کے لیے اور زیادہ دلچسپی سے کام کروں گا۔
واضح رہے کہ امسال نئی دہلی میں منعقد ایک شاندار تقریب میں روحیل مقبول کو جل پرہری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس پر روحیل کے ساتھ ساتھ ان کے والدین نے بھی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے نے ترال کے ساتھ ساتھ کشمیر کا نام ملکی سطح پر روشن کیا۔
مزید پڑھیں: روحیل مقبول کو جل پرہری ایوارڈ سے نوازا گیا
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت میں روحیل نے بتایا کہ نئی دہلی میں منعقدہ جل آتم نربھر بھارت کی تقریب کے دوران انہیں واٹر ہیرو آف کشمیر قرار دیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام جل شکتی وزارت حکومت ہند کی جانب سے کیا گیا تھا۔