سرینگر: جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے جنوبی کشمیر کے کئی انتخابی حلقوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو پارٹی نے ایک پریس نوٹ کے ذریعے ناموں کی فہرست جاری جاری کی اور کہا کہ مینڈیٹ کی سفارش پارلیمانی امور کے چیئرمین محمد دلاور میر نے کی تھی اور اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے اس کو منظوری دی ہے۔
اپنی پارٹی نے رفیع احمد میر کو پہلگام، ہلال احمد شاہ کو اننت ناگ اور طارق ویری کو بجبہاڑہ سے مینڈیٹ دیا ہے جبکہ عبد المجید پڈر کو ڈی ایچ پورہ، ریاض احمد بٹ کو دیوسر، گوہر حسین کو زینہ پورہ، میر الطاف کو پانپور اور ایڈوکیٹ اویس خان کو شوپیاں اسمبلی حلقوں کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ اس سے قبل اپنی پارٹی نے انتخابی منشور کا اعلان کیا جس میں مکمل ریاستی درجے کی بحالی سمیت کشمیری نوجوانوں کے خلاف بغیر کسی گھناؤنے جرائم کے ان پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کو منسوخ کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے وہیں500 یونٹ مفت بجلی کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا بگل بجتے ہی سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نہ صرف انتخابی منشور جاری کیا جا رہا ہے بلکہ اسمبلی حلقوں کے لیے امیدواروں کا اعلان بھی کیا جا رہا ہے۔ ادھر، سیاسی لیڈران کا ایک پارٹی سے مستعفی ہوکر دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔
یاد رہے کہ جموں وکشمیر میں تین مرحلوں میں، ستمبر اور اکتوبر ماہ میں انتخابات منعقد کئے جا رہے۔ پہلے مرحلے کے انتخابات 18 ستمبر کو، دوسرے مرحلے کے تحت 25ستمبر کو جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت انتخابات یکم اکتوبر کو ہونے جا رہے ہیں، انتخابی نتائج کا اعلان چار اکتوبر کو کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اپنی پارٹی نے جاری کیا انتخابی منشور - Assembly Polls in JK