ڈورو (اننت ناگ): سینئر لیڈر اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری غلام احمد میر نے ڈورو اننت ناگ میں ڈورو اسمبلی نشست کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔
غلام احمد میر ڈورو اسمبلی حلقہ 41 سے کانگریس کے امیدوار ہیں۔ جی اے میر منگل کو ڈورو پہنچے، جہاں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے پھولوں کے گجرے پہنا کر ان کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ ان کے ہمراہ کانگریس کے سینئر لیڈر رہنما رمن بھلّا، جے کے پی سی سی کے صدر طارق قرہ سمیت کئی رہنما بھی تھے۔ اس موقعے پر انہوں نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی تلقین کی۔
غلام احمد میر اننت ناگ کے ڈورو اسمبلی حلقہ سے انڈیا الائنس کے امیدوار کے طور پر نیشنل کانفرنس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ گزشتہ دس برسوں سے اسمبلی انتخابات کا بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے تھے، اور آخر کار سپریم کورٹ کے دباؤ کے بعد لوگوں کو اس جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقعہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے جس طرح جموں کشمیر میں جمہوریت کو کچلا گیا اور لوگوں کی آواز کو دبایا گیا اس سے عوام کا دم گھٹ گیا تھا۔ اس لئے لوگ ان انتخابات میں جشن کے طور پر حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست بی جے پی سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ جو پردے کے پیچھے بی جے پی کا منشور چلا رہے ہیں ان سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے اور ان کے منصوبوں کو جمہوری عمل کے ذریعہ ناکام بنانا ہوگا ۔ میر نے کہ کہ انڈیا الائنس ایک واحد ایسی طاقت ہے جو یہاں کی عوام کو ظلم سے نجات دلا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
غلام احمد میر جموں و کشمیر کے تجربہ کار سیاستداں ہیں، اور انہوں نے طویل وقت سے ڈورو اسمبلی حلقے کی نمائندگی کی ہے، وہ 2015 سے 2022 تک جموں و کشمیر پردیش کمیٹی کے صدر رہے۔
فی الحال وہ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ہیں اس کے علاوہ جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے اے آئی سی سی انچارج اور مغربی بنگال کانگریس کمیٹی کے ایڈیشنل انچارج بھی ہیں۔