سرینگر: الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کا بگل بجانے کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں سیاسی جماعتوں نے آرٹیکل 370 کی منسوخی اور سابق ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تبدیل کرنے کے بعد وادی میں منعقد ہونے والے پہلے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ نیشنل کانفرنس (این سی)، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، پیپلز کانفرنس (پی سی) اپنی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سبھی نے انتخابات کے لیے مہم شروع کر دی ہے کیونکہ یہ جماعتیں لیڈران اور ضلع کارکنوں کے ساتھ ملاقاتیں کر رہی ہیں۔
اگرچہ این سی، پی ڈی پی، بی جے پی اور اپنی پارٹی سمیت سیاسی جماعتوں نے ابھی تک کشمیر کی تین نشستوں کے لیے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن ان کے رہنماؤں نے اضلاع اور قصبوں میں مہمات شروع کر دی ہیں۔ بی جے پی نے اپنے کارکنوں کے ساتھ پورے جموں و کشمیر میں بوتھ سطح کی میٹنگوں کا اعلان کیا ہے، این سی نے آج اننت ناگ - راجوری پارلیمانی سیٹ کے لیے کولگام ضلع سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ پی ڈی پی نے اپنے کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے اننت ناگ قصبے میں ضلعی سطح کی میٹنگ کی۔
پیپلز کانفرنس کشمیر کی پہلی جماعت تھی جس نے سجاد لون کو بارہمولہ - کپوارہ سیٹ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا۔ گزشتہ ایک ماہ سے لون ضلع کپوارہ میں کارکنوں سے مل رہے ہیں اور ریلیاں نکال رہے ہیں جہاں ان کی پارٹی کا کہنا ہے کہ انہیں رائے دہندگان کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ لون کی انتخابی جنگ نیشنل کانفرنس کے خلاف ہے جبکہ نیشنل کانفرنس نے لون کے خلاف امیدوار کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
اپنی پارٹی نے بتایا کہ آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کی امیدواری اور منشور کے لیے سرینگر میں اپنے سینئر لیڈروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ بارہمولہ سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ایک ہفتے کے اندر پارٹی قیادت امیدواروں کا اعلان کرے گی اور انتخابات کا اعلان کرے گی۔
ادھر، نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج کولگام ضلع کے دمحال ہانجی پورہ حلقے سے انتخابی مہم کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کا منشور اور اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔ پی ڈی پی کے ترجمان نجم الثاقب نے بتایا کہ پارٹی نے اننت ناگ قصبے میں قائدین اور کارکنوں کی ضلعی سطح کی میٹنگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی آنے والے ہفتے میں امیدواروں اور منشور کا اعلان کرے گی۔
بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھوکر نے کہا کہ جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں نے ایک ہفتہ قبل اننت ناگ حلقہ سے انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے۔ ٹھوکر نے کہا: ’’ہماری پارٹی پہلے ہی انتخابی کیمپنگ میں ہے کیونکہ ہم جموں و کشمیر کی سبھی پانچوں نشستوں پر بوتھ سطح، ضلعی سطح کی میٹنگیں کر رہے ہیں۔‘‘ کانگریس پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ اس کی قیادت آنے والے دنوں میں مہم شروع کرے گی، حالانکہ ضلعی سطح کے سربراہ پہلے ہی کارکنوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔
کشمیر کی تین پارلیمانی نشستوں کے لیے انتخابات 7 مئی سے ہونے والے ہیں، اننت ناگ - راجوری میں تیسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی، جبکہ 13 مئی کو سرینگرپارلیمانی نشست پر چوتھے مرحلے میں اور بارہمولہ-کپوارہ سیٹ پر پانچویں مرحلے میں ووٹنگ 20 مئی کو ہوگی۔ جموں ڈویژن کی ادھم پور سیٹ پر پہلے مرحلے میں 9 اپریل کو ووٹنگ ہوگی اور دوسرے مرحلے میں جموں - سانبہ سیٹ پر 26 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر حد بندی کا اثر