سرینگر: جموں و کشمیر میں آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی۔ پی ایم جے اے وائے) کے تحت حکومت کی ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے والے مریضوں کے لیے بری خبر ہے۔ افکو ٹوکیو جنرل انشورنس کمپنی نے جموں و کشمیر حکومت کی ریاستی ہیلتھ ایجنسی کے ساتھ اس کی تین سالہ مدت سے پہلے ایک سال کا اپنا معاہدہ ختم کر دیا ہے۔
کمپنی کو جموں کشمیر ہائی کورٹ سے بھی راحت ملی ہے جس نے معاہدہ ختم کرنے کے لئے انشورنس کمپنی کے خلاف ریاستی ہیلتھ ایجنسی کی طرف سے دائر درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ تاہم، ریاستی ہیلتھ ایجنسی کے حکام کا دعویٰ ہے کہ معاہدہ ختم ہونے سے مریضوں کی صحت کی دیکھ بھال یا فہرست میں شامل اسپتالوں کو ادائیگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
معاہدہ ختم ہونے سے آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (جسے عام طور پر گولڈن کارڈ اسکیم کے نام سے جانا جاتا ہے) سے فائدہ اٹھانے والے مریضوں پر مالی بوجھ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ یہ مفت خدمات فراہم کرنے کے لیے ریاستی ہیلتھ ایجنسی کے ساتھ شامل 239 اسپتالوں کو بھی متاثر کرے گا۔
ریاستی ہیلتھ ایجنسی اور افکو ٹوکیو جنرل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ تین سال کے لیے 10 مارچ 2022 سے شروع ہوا اور 14 مارچ 2025 کو ختم ہونا تھا۔ کمپنی نے صرف دو سالوں میں اپنا معاہدہ ختم کر دیا اور گزشتہ سال نومبر میں ریاستی ہیلتھ ایجنسی کو بتایا کہ وہ ایس ایچ اے کی درخواستوں کے باوجود معاہدے کی مزید تجدید میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
ایس ایچ اے نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے راحت کی اپیل کرتے ہوئے ایک عرضی دائر کی جس میں معاہدہ کو جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ تاہم، جسٹس وسیم صادق نرگل کی بنچ نے 2 فروری کو ایس ایچ اے کی درخواست کو یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا کہ ثالثی اور مفاہمت ایکٹ 1996 کے سیکشن 9 کے تحت ایس ایچ اے کی طرف سے دائر درخواست کو بغیر کسی میرٹ کے قرار دیا گیا ہے۔
فہرست میں شامل پرائیویٹ اسپتالوں اور طبی مراکز کا کہنا ہے کہ انہیں بے حال چھوڑ دیا گیا ہے کیونکہ ریاستی ہیلتھ ایجنسی ابھی تک نئی انشورنس کمپنیوں کے لیے نئے ٹینڈرنگ جاری نہیں کی ہے جبکہ افکو ٹوکیو نے گزشتہ سال نومبر میں اپنا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایس ایچ اے اس مہینے میں ٹینڈرنگ کے لیے جاتی ہے تو اس مشق کو مکمل کرنے میں مئی تک کا وقت لگے گا۔ رہنما خطوط کے مطابق ایک نئی انشورنس کمپنی کو اپنے دفاتر قائم کرنے اور کام شروع کرنے میں کم از کم تین ماہ لگتے ہیں۔
اسپتال کے ایک مینیجر نے کہا کہ، "دعوؤں پر کارروائی اور پھر ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے فہرست میں شامل اسپتالوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔" انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس اسکیم کو ٹرسٹ موڈ میں چلاتی ہے تو یہ ناکامی ہوگی کیونکہ کرناٹک سمیت پورے بھارت میں آیوشمان ٹرسٹ موڈ میں ناکام ہے۔
جموں کشمیر ایس ایچ اے کے چیف ایگزیکٹیو افسر سنجیو گڈکر (آئی اے ایس ) نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ معاہدہ ختم کرنے سے مریضوں کی دیکھ بھال یا فہرست میں شامل اسپتالوں کو ادائیگی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
سی ای او نے کہا کہ، " ایس ایچ اے کے پاس ابھی بھی وقت ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب فیصلہ کریں گے کہ اسکیم میں رکاوٹ یا منفی اثر نہ ہو۔
فہرست میں شامل اسپتالوں کو ادائیگی کے لیے وقت کی حد دعوی کرنے کے 15 دن بعد کی ہے۔ ہمارے پاس ادائیگی کرنے کے لیے کافی وقت ہے۔ یہ بالکل بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے،" انہوں نے کہا کہ آیا جموں کشمیر حکومت نئی انشورنس کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے دوبارہ ٹینڈرنگ کرے گی یا اس اسکیم کو چلانے کے لیے اپنا ٹرسٹ بنائے گی، یہ حکومت کا فیصلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: