سرینگر : جموں و کشمیر حکومت کی اسٹیٹ ہیلتھ ایجنسی (ایس ایچ اے) ’’آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا‘‘ (گولڈن کارڈ اسکیم) کا معاہدہ وقت سے پہلے ختم کرنے والی جنرل انشورنس کمپنی - افکو ٹوکیو IFFCO-TOKIO کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی۔ کمپنی نے تین سالہ معاہدہ میں صرف ایک سال بعد ہی معاہدہ ختم کر دیا ہے اور اس سے جموں و کشمیر میں مریضوں کی صحت کی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔
ایس ایچ اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سنجے ایم گڈکر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ایس ایچ اے، ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ میں اپیل دائر کرے گی۔ اس سے قبل ہائی کورٹ کی سنگل بینچ نے اس ماہ کے شروع میں دائر کی گئی درخواست کو خارج کیا تھا۔ گڈکر نے کہا: ’’ہم سنگل بینچ کے حکم پر نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں تاکہ جموں کشمیر میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ نہکرنا پڑے۔‘‘
اِفکو ٹوکیو جنرل انشورنس کمپنی نے جموں و کشمیر کے ایس ایچ اے کے ساتھ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت منظور شدہ نجی ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے تین سال کا معاہدہ کیا تھا۔ کمپنی نے ایس ایچ اے کی جانب سے معاہدہ جاری رکھنے کی درخواستوں کے باوجود گزشتہ برس نومبر ماہ میں معاہدہ ختم کر دیا تھا۔
جب کمپنی نے ایس ایچ اے کی درخواستوں کو مسترد کر دیا تو ایس ایچ اے نے معاہدہ ختم کرنے پر روک لگانے کی درخواست ہائی کورٹ میں دائر کی۔ جسٹس وسیم سنگرال کی سنگل بینچ نے 2 فروری کو درخواست خارج کر دی تھی۔ درخوات کے مسترد کیے جانے نے افکو ٹوکیو کو معاہدے سے پوری طرح باہر نکلنے کے لیے راہ ہموار کر دی تھی۔
مزید پڑھیں: ہیلتھ انشورنس فراڈ، 36کروڑ روپے کے اثاثے ضبط
ادھر، گولڈن کارڈ ہولڈرز کو خوف ہے کہ ایس ایچ اے، ادائیگی کے اخراجات کم کرنے کے لیے ایپینڈیسائٹس، بواسیر، پتے کی پتھری اور فشرFissure سمیت چار سرجریوں کو معاہدے میں سے خارج کر سکتا ہے۔ سی ای او، ایس ایچ اے نے کہا کہ اسکیم کے تحت مریضوں کو دی جانے والی تمام علاج کی سہولیات ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک جاری رہیں گیں۔ انہوں نے کہا: ’’اِفکو ٹوکیو کا معاہدہ جاری رہنے تک شامل نجی ہسپتال مریضوں کو خدمات فراہم کرنا جاری رکھیں گے۔‘‘
جن ہسپتالوں کا ABPMJAY کے ساتھ معاہدہ شامل ہیں، ان کے منیجرز کا کہنا ہے کہ کمپنی کا معاہدے سے نکلنے کا مطلب ہے کہ مریض مفت صحت کی خدمات حاصل نہیں کر سکتے، کیونکہ انشورنس کمپنی کی عدم موجودگی میں مریضوں کی کلیم اور ہسپتالوں کو ادائیگیاں بند کر دے گی۔ ادھر، سیکریٹری صحت و طبی تعلیم سید عابد رشید نے ای ٹی وی بھارت بھارت کو بتایا کہ محکمہ یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ مریضوں کی طبی نگہداشت متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا: ’’ہم اس معاملے کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں تاکہ مریضوں کی طبی دیکھ بھال متاثر نہ ہو۔‘‘