بارہمولہ (جموں کشمیر) : ضلع بارہمولہ کے سرحدی علاقہ بونیار کے لچی پورہ گاؤں میں قائم گورنمنٹ ہائی اسکول کی عمارت کا تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لوگ انتظامیہ سے نالاں ہیں۔ لوگوں نے انتظامیہ سمیت محکمہ تعلیم کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’انتظامیہ مقامی اسکولی بچوں کو آرام و اسائش پہنچانے کے ہمارے مطالبات کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام ہو رہی ہے۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا کہ سال 2005 کے تباہ کن زلزلے میں ہائی اسکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ لوگوں نے بتایا کہ کا قریب ڈیڑھ دہائی قبل اسکول کا تعمیراتی کام شروع کیا گیا اور ابتدائی ایام کے دوران سرعت کے ساتھ کام انجام دیا گیا۔ تاہم اچانک اور نا معلوم وجوہات کی بنا پر کام کو روک دیا گیا۔ مقامی لوگوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کا تقریباً 80فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا گیا تھا اور اچانک کام بند کیے جانے سے اب وہ کام بھی خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ گزارشات کے باوجود اسکول کا تعمیراتی کام مکمل نہیں کیا جا رہا ہے جس کے سبب طلبہ کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’کوئی بار انتظامیہ، محکمہ تعلیم حتی کہ منتخب عوامی نمائندوں کی نوٹس میں بھی لایا گیا تاہم اس کے باوجود لوگوں کے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا۔‘‘ محمد رجب نامی ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ گورنر دور کے دوران ہر سال یہاں بیک ٹو ولیج پروگرام منعقد ہوئے اور ہر بار ہم نے اسکول کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کا دہرایا تاہم یقیان دہائیوں کے سوا کچھ ہاتھ نہ آیا۔ ادھر، جب اس سلسلے میں ای ٹی وی کے نمائندے نے محکمہ تعلیم کے ایک افسر سے بات کی تو انہوں نے بھی اس مسئلے کو فوری طور حل کرنے کی یقین دہانی کی۔
مزید پڑھیں: Govt Middle School in Ganderbal اسکولی عمارت ایک سال سے مرمت کی منتظر