جموں: جموں و کشمیر کے جموں صوبے میں گرمی نے شدت اٹتیار کی ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری عبور ہوچکا ہے۔ اس پس منظر میں سوکھے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں جموں خطہ میں کل 40 مقامات پر چھوٹے بڑے آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ گزشتہ دنوں راجوری کے درہال علاقے میں جنگل میں آگ نمودار ہوئی تھی۔ تین روز کے بعد اسی علاقے میں جنگل سے دوبارہ آگ بھڑک اٹھی ہے۔ پونچھ کے مینڈھر میں ایل او سی پر واقع کرشنا گھاٹی سیکٹر میں سرحد پار سے لگی آگ ہندوستانی علاقے تک پہنچ گئی ہے۔ جس کی وجہ سے بارودی سرنگوں میں مسلسل دوسرے روز بھی دھماکے ہوتے رہے
یہ بھی پڑھیں:
سندھ فاریسٹ کے سوئیل رینج میں آتشزدگی
دوسری جانب جموں شہر کے سپر اسپیشلٹی اسپتال اور ایس ایس بی آفس کے قریب جھاڑیوں میں اور بی سی روڈ کے نالے میں پیر کو آگ لگ گئی۔ تاہم، اسے قریب میں پھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔ تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد دو فائر بریگیڈ گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔ شہر کے روپ نگر علاقے میں کچی بستی میں آگ لگ گئی۔ جس سے کچی آبادی میں رکھا سامان جل گیا۔ سدہ میں تقریب میں کھانا پکاتے ہوئے سلنڈر میں آگ لگ گئی جس سے ایک شخص جھلس گیا۔ اسے جی ایم سی میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریذیڈنسی روڈ پر ڈی پی سی سکول کے باہر پاور ٹرانسفارمر کے نیچے کھڑی کار میں آگ لگ گئی۔ ٹرانسفارمر سے نکلنے والی چنگاریاں اس پر گریں جس سے گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔ معلومات کے مطابق جموں کے علاوہ سانبہ، کٹھوعہ اور وجے پور میں بھی آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
مینڈھر میں بھارت پاکستان لائن آف کنٹرول پر کرشنا گھاٹی سیکٹر کے فارورڈ ایریا میں واقع جنگلات میں لائن آف کنٹرول کے پار سے لگنے والی آگ مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے لائن آف کنٹرول پر آج بھی بارودی سرنگیں پھٹتی رہتی ہیں۔ تاہم آگ پر قابو پانے کے لیے فوج اور محکمہ جنگلات کے ملازمین نے دن بھر محنت کی۔
دیر شام تک بیشتر علاقے میں آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ اس کے باوجود فوج اور محکمہ جنگلات پوری طرح چوکس ہیں کہ کہیں یہ آگ دوبارہ نہ بھڑکے۔ قابل ذکر ہے کہ اتوار کی دیر شام ضلع کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بھارت پاکستان لائن آف کنٹرول کے آگے کے علاقے میں واقع جنگلات پاکستان کے زیر قبضہ علاقے سے شروع ہونے والی آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری خشک موسم کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور لائن آف کنٹرول پر دشمن کی دراندازی کو روکنے کے لیے بنائے گئے بارودی سرنگ کے میدان تک پہنچ گئی۔ جس کی وجہ سے وہاں دبی بارودی سرنگیں آگ کی شدت سے پھٹنے لگیں اور زور دار دھماکے ہوئے جس کی آوازیں لائن آف کنٹرول کے آس پاس کے علاقوں میں سنی گئیں۔ کل دیر شام یہاں لگی آگ آج دیر شام تک بلا روک ٹوک جاری رہی۔ جس کی وجہ سے آج بھی درجنوں بارودی سرنگیں پھٹ گئیں۔ لیکن فوج اور محکمہ جنگلات نے بھرپور کوششوں سے آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔