پہلگام: ضلع اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہلکی برفباری ہوئی جب کہ پہلگام کے کوہساروں پشوٹاپ، مہا گنژ ٹاپ، پنجترنی، تارسر مارسر میں بھاری اور، آڑو ، چندن واڑی، فرسلن میں درمیانہ درجہ کی برفباری ہوئی۔ مرکزی پہلگام قصبہ میں رواں موسم کی پہلی برفباری ہونے سے جہاں عام لوگوں نے راحت کی سانس لی، وہیں سیاحت سے جڑے افراد نے مسرت کا اظہار کیا۔ اسی کے ساتھ برف دیکھنے کا شوق رکھنے والے سیاح بھی خوش نظر آرہے ہیں اور وہ تازہ برفباری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔
سیاحتی مقام ویری کے کاپرن، ڈیڈی بل اور اس کے متصل بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری درج کی گئی جب کہ میدانی علاقوں میں ہلکی بھوندا باندی ہوئی۔ برفباری اور بارشوں کے بعد رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جس سے لوگوں کو کچھ حد تک شدید سردی سے راحت ملی ہے۔ وہیں طویل خشک موسم کا خاتمہ ہونے سے ان علاقوں کے عوام نے راحت کی سانس لی ہے جہاں برفباری اور بارشیں ہوئیں، تاہم بیشتر علاقوں میں موسم ابھی خشک ہے جہاں کے لوگ برف و باراں کے منتظر ہیں۔
دوسری طرف سرینگر سمیت وادی کشمیر کے کئی میدانی علاقوں میں بدھ کی صبح ہلکی بارشیں ہوئی جو کہ رک رک جاری ہے جب کہ گذشتہ کل کئی بالائی علاقوں تازہ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کی صبح میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری ہوئی ہے جس میں سیاحتی مقام گلمرگ، سونہ مرگ ،گریز اور اننت ناگ کا کوکرناگ علاقہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سونمرگ میں برفباری، سیاحوں خوشی سے جھوم اُٹھے
محکمے موسمیات نے پہلے ہی پیشن گوئی کی ہے کہ یکم فروری تک کشمیر خطے کے مختلف مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ کپوارہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، شوپیاں،کولگام اور اننت ناگ میں تازہ برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔