جموں (جموں کشمیر) : سدھاڑا پولیس نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو جعلی امریکی ڈالر فروخت کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ملزمان مقامی لوگوں کو سستے داموں ڈالر فروخت کرنے کا لالچ دے کر دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے حراست میں لیے گئے پانچوں ملزمان - نثار احمد ساکنہ شوپیاں، عبد الرشید ساکنہ کولگام، محمد اشفاق ساکنہ سوپور، محمد اقبال شاہ ساکنہ اچھہ بل، اننت ناگ اور فاروق ساکنہ لار، گاندربل - کی تحویل سے جعلی امریکی ڈالر کے پانچ بنڈل ضبط کیے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق جموں کے سدھا علاقے میں پولیس کی ایک اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) ٹیم سرینگر جموں شاہراہ پر گشت کر رہی تھی اور اس دوران کندھوں پر تھیلے لٹکائے پیدل چل رہے کچھ لوگوں نے پولیس اہلکاروں کو اپنی طرف آتے دیکھا تو وہ مخالف سمت میں بھاگنے لگے۔ پولیس کو ان کی سرگرمیاں مشکوک نظر آئیں جس کے بعد پولیس نے ان کا تعاقب کیا۔ پولیس اہلکاروں نے افراد کو کو روک لیا اور ان کی تلاشی لی۔ پولیس بیان کے مطابق جب بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں جعلی امریکی ڈالر بر آمد ہوئے جنہیں پولیس نے ضبط کرکے پانچوں افراد کو حراست میں لے لیا۔
جموں پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے انہیں یہ شکایات موصول ہو رہی تھی کہ کچھ لوگ دکانوں پر آ کر سستے داموں امریکی ڈالر فروخت کرنے کی بات کر رہے تھے۔ جموں پولیس ان مشکوک لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی تھی۔ ادھر، تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ وہی ملزمان تھے جو مقامی لوگوں کو جعلی ڈالر فروخت کرکے انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ حراست میں لیے گئے ملزمان جموں کیسے آئے اور کس سے ملنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: رائس مشین گھوٹالہ: گاندربل میں 12 افراد گرفتار، جعلی کرنسی ضبط