سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے رانجی جنگل علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان گولیوں کے ابتدائی تبادلے کے بعد وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ کشمیر زون پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ کرکے کہا کہ 'بانڈی پورہ کے آری گام کے رانجی جنگل علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان آمنا سامنا ہوا ہے'۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپرہشن جاری ہے۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے بدھ کی صبح بانڈی پورہ کے رنجی جنگل علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان ابتدائی گولیوں کے تبادلے کے بعد خاموشی ہے تاہم علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محاصرے کو مزید مستحکم کرنے کے بعد فورسز کی اضافی نفری کو طلب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راجوری میں فائرنگ اور دھماکہ کے بعد افراتفری پھیل گئی، زخمیوں کا بیان
مزید برآں، ذرائع نے انکشاف کیا کہ جاری آپریشن کو اور مضبوط بنانے کے لئے ہیلی کاپٹر اور اضافی ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ آپریشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔