سوپور: شمالی کشمیر میں سوپور کے سگی پورہ، پانی پورہ علاقے میں کل رات سے جاری انکاونٹر آج ختم ہوگیا۔ جمعہ کی صبح سیکوریٹی فورسس نے دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ علاقہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات کے بعد مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ مقام پر جب فورسز نے سرچ کیا تو چھپے ہوئے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ سیکوریٹی فورسس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔
انکاونٹر میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ کل رات شروع ہوئے انکاونٹر کو اندھیرے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا تاہم علی الصبح دوبارہ آپریشن شروع کیا گیا جس میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ سوپور پولیس اور فوج کی 22 راشٹریہ رائفلز اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی جانب سے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ انکاونٹر کے مقام پر سنیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے لوگوں سے اس مقام پر نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔
اس دوران ایس پی سوپور دیویا دیو نے بتایا کہ ’ہم نے علاقے میں دو دن پہلے تلاشی کارروائی شروع کی تھی، اس دوران دو عسکریت پسند مارے گئے۔ ان کے قبضہ سے کچھ اسلحہ و بارود کو بھی ضبط کیا گیا تاہم عسکریت پسندوں کی تلاش ابھی نہیں ہوئی ہے۔ بانڈی پورہ اور لولاب کے جنگلاتی علاقہ میں بدھ کے روز دو الگ الگ مقامات پر انکاونٹر میں دو پاکستانی عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تاہم گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی کشمیر میں عسکریت پسندوں کے خلاف تیسرا آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشتواڑ میں عسکریت پسندوں نے دو وی ڈی جی کو ہلاک کردیا، جنگلاتی علاقہ میں بڑے پیمانہ پر سرچ آپریشن شروع
اسی طرح جاریہ ماہ نومبر کے دوران وادی کشمیر میں عسکریت پسندوں کے خلاف سیکوریٹی فورسس نے کل 6 مقامات پر آپریشنس انجام دیئے، جس کے نتیجے میں پانچ عسکریت پسند مارے گئے۔ وہیں گذشتہ ماہ اکتوبر انتہائی المناک رہا، کیونکہ اس دوران عسکریت پسندوں کی کاروائی میں نو شہری ہلاک ہوگئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ مہلوکین میں 7 غیر مقامی مزدوروں، ایک فوجی سپاہی اور ایک ڈاکٹر شامل ہے۔