سرینگر (جموں و کشمیر): چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) جموں و کشمیر، پانڈورنگ کے پولے (پی کے پولے) نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے (جموں کشمیر) میں انتخابی تیاریاں بہتر طیرقے سے جاری ہیں۔ سی ای او نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ خطے میں ایک ہموار اور منصفانہ انتخابی عمل کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے، سی ای او، پولے نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فی الحال تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پولیس، سی آر پی ایف، سیاسی جماعتوں وغیرہ کو انتخابات سے متعلق جامع تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس ٹریننگ کا مقصد انہیں لوک سبھا انتخابات سے پہلے ضروری علم اور ہنر سے آراستہ کرنا ہے، جس سے شرکاء میں تیاری کے احساس کو فروغ دیا جائے۔
آئندہ انتخابات کے لیے یو ٹی انتظامیہ کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے، سی ای او نے انتخابات سے متعلق سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ گزشتہ چھ مہینوں سے میٹنگوں، تربیتی سیشنز اور دیگر ضروری اقدامات کے انعقاد میں سرگرم عمل ہے۔ پی کے پولے نے یقین دہانی کی کہ ’’ہم نے قومی، ریاستی اور ضلع سطح پر اہلکاروں کو تربیت دی ہے۔ پولیس، سی آر پی ایف اور سیاسی جماعتوں کے اراکین کو یہ یقینی بنانے کے لیے تربیت دی جا رہی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط سے اچھی طرح واقف ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’شیڈول کے مطابق، ہماری سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں گی۔‘‘
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے جائزہ میٹنگ
جمہوری عمل میں میڈیا کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے پولے نے اس اہم ذمہ داری کو تسلیم کیا جو جمہوریت کے چوتھے ستون پرعائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے پہلے ہی میڈیا کے لیے قواعد و ضوابط وضع کیے ہیں تاکہ انتخابی مدت کے دوران غیر جانبدارانہ اور درست رپورٹنگ ممکن ہو سکے۔‘‘ سی ای او نے جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے اور یونین ٹیریٹری میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی مئی اور اپریل ماہ میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے کی توقع ہے۔