ترال: گزشتہ روز نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے حوالے سے بیان دیا ہے۔ اس کے بعد سے جموں وکشمیر میں سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں میں بھی اس سلسلہ میں بحث جاری ہے۔
پی ڈی پی ترجمان ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے اتوار کو ترال میں ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مرکز نے کئی بار یہاں کے عوام کو اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کی یقین دہانی کرائی لیکن آج تک وہ وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ تاہم اب تازہ طور پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بہت جلد جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کی بات کہی گئی، ہمیں ابھی بھی اس بات پر اعتبار نہیں ہے کیونکہ جب تک الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفیکیشن نہیں نکالاجاتا تب تک کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں فوری طور پر اسمبلی انتخابات منعقد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے صرف وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
گزشتہ روز پی ڈی پی کارکنوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بتایا کہ ان سب کے باوجود پی ڈی پی کارکنوں نے جسطرح سے کام کیا ہے وہ اس بات کا غماز ہے کہ پی ڈی پی کا مستقبل روشن ہے۔