سرینگر: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں جمعہ کو اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب پاؤر کینال سے ایک عمر رسیدہ خاتون کی لاش بر آمد کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ گاندربل کے گنڈ علاقے میں جمعہ کے روز مقامی لوگوں نے پاؤر کینال میں ایک خاتون کی لاش دیکھی، جس کے متعلق انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی و طبی لوزامات کی ادائیگی کے لئے ٹراما ہسپتال کنگن منتقل کیا۔
مزید پڑھیں: کولگام میں عمر رسیدہ خاتون غرقاب
متوفی خاتون کی شناخت 57 سالہ حسینہ بیگم زوجہ فاروق احمد ساکن ہاکنار گنڈ کے بطور کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی ایک آنگن واڑی کارکن ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔جہاں خودکشی کی خبر سنتے ہی ہر ایک انسان غم میں ڈوب جاتا ہے وہیں اس انتہائی اقدام کے وجوہات کا پتہ لگانے میں غیر معمولی دلچسپی بھی لیتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں سالانہ ایک لاکھ 35 ہزار افراد خودکشی کرتے ہیں اور نوجوانوں میں خودکشی کے معاملات میں بھارت پہلے نمبر پر ہے۔ اگرچہ جموں و کشمیر خاص کر وادی کشمیر میں خودکشی کے واقعات نا کے برابر دیکھنے کو ملتے تھے، لیکن گزشتہ برسوں میں یہاں بھی ان واقعات کا رجحان بڑھ رہا ہے۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)