منڈی: ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی جش میلاد النبی ﷺ بڑی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعے پر منڈی تحصیل کے مختلف مقامات پر جشنِ میلاد ﷺ کی تقاریب اور جلوسِ محمدی برآمد کیے گئے۔ وہیں نورانی عیدگاہ اعلی پیر راجپورہ منڈی اور مرکزی جامع مسجد شریف منڈی کے زیر اہتمام تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سب سے بڑی تقریب نورانی عیدگاہ اعلی پیر راجپورہ منڈی میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی حضرت مولانا گوہر احمد قادری شرکت کیے ہیں۔ جب کہ ان کے علاوہ منڈی علاقہ کے مختلف مقامات سے مقتدر علماء کرام نے شرکت کی۔ اس موقعے پر تقریب میں شرکت فرما علماء کرام نے ولادت باسعادت آقا مدنی کریم اور سیرت پاک کے گوشوں پر روشنی ڈالی۔ اس دوران بعد نمازِ ظہر موئے مبارک کی عوام کو زیارت کرائی گئی۔
مزید پڑھیں: عید میلاد النبی پر شاہ اسلامک لائبریری میں عظیم الشان سیرت کانفرنس و محفل نعت کا انعقاد
اس کے بعد جلوس محمدی برآمد کیا گیا جو منڈی صدر بازار سے ہوتے ہوئے بس اڈا منڈی پہنچا۔ جہاں مرکزی جامع مسجد شریف منڈی کے زیر اہتمام ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی حضرت مولانا مفتی یوسف رضا مصباحی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے عوام الناس کو میلاد مصطفی کے حوالے سے اپنے مفصل اور مدلل بیانات سے مستفید کیا۔ تقریب کا اختتام دعا پر کیا گیا۔ جس دوران تمام عالم اسلام کے اور بلخصوص ملک میں امن خوشحالی کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں تمام لوگوں کے بیچ تبرک بھی تقسیم کیا گیا۔