جموں: بنی کے میلہ گراؤنڈ میں اودھم پور- کٹھوعہ لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کانگریس پر کنڈی اور اُج پروجیکٹوں کو روکنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اُج ندی پر پروجیکٹ کا تعمیراتی کام انتخابات کے بعد شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے پہاڑی علاقے میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2014 سے پہلے بنی میں صرف ایک سڑک تھی لیکن آج بنی کی تقریباً تمام پنچایتوں میں سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے۔ سیوا ندی پر پل کے تعمیراتی کام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پل ان کے علم میں ہے۔ اس کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔
کٹھوعہ، بسوہلی، بنی، ڈوڈہ قومی شاہراہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بھارت مالا کے تحت منظوری مل گئی ہے۔ اس کے لیے چھترگلہ میں ایک سرنگ بھی بنائی جائے گی جس کا سروے بی آر او نے کیا ہے۔ بی جے پی حکومت بلور کی ترقی کے لئے پابند عہد ہے۔ رام کوٹ پہنچنے پر بی جے پی کے سینئر لیڈر ستیش شرما اور نگروٹا ہلکا ممبر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل نارائن دت ترپاٹھی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پلوامہ میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے عوامی دربار منعقد
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی تصویر بدل دی ہے۔ پنچایتوں کو زیادہ حقوق ملنے چاہئیں۔ مودی کے دور میں بننے والی اسکیموں سے غریبوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔