نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو لیہہ میں فوجیوں کے ساتھ رنگوں کا تہوار ہولی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل منوج پانڈے اور جنرل آفیسر کمانڈنگ فائر اینڈ فیوری کور لیفٹیننٹ جنرل رشیم بالی بھی ان کے ساتھ تھے۔ فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے دشوار گزار خطوں اور خراب موسم میں مادر وطن کے دفاع میں ان کی بہادری، عزم اور قربانی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اونچائی والے علاقوں میں تعینات فوجیوں کا مثبت عزم صفر سے نیچے کے درجہ حرارت میں بھی مضبوط ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح دہلی قومی راجدھانی ہے، ممبئی مالیاتی راجدھانی ہے اور بنگلور ٹیکنالوجی کی راجدھانی ہے، اسی طرح لداخ ہندوستان کی بہادری کی راجدھانی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ "پورا ملک خود کو محفوظ محسوس کر رہا ہے کیونکہ ہمارے بہادر سپاہی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ہم ترقی کر رہے ہیں اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ہمارے چوکس سپاہی سرحدوں پر تیار کھڑے ہیں۔ ہر شہری کو مسلح افواج پر فخر ہے کیونکہ وہ اپنے خاندانوں سے بہت دور رہتے ہیں تاکہ ہم اپنے خاندانوں کے ساتھ ہولی اور دیگر تہوار پرامن طریقے سے منا سکیں۔ قوم ہمیشہ ہمارے فوجیوں کی مقروض رہے گی اور ان کی ہمت اور قربانی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
مزید پڑھیں: راجناتھ سنگھ سیاچن میں فوجیوں کے ساتھ ہولی منائیں گے
وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے ایک دن پہلے فوجیوں کے ساتھ ہولی منانے کا فیصلہ کیا، کیونکہ ان کا خیال ہے کہ تہواروں کو سب سے پہلے ملک کے محافظوں کے ساتھ منایا جانا چاہیے۔ انہوں نے تینوں آرمی چیفس پر زور دیا کہ وہ ایک دن پہلے ہی فوجیوں کے ساتھ تہوار منانے کی نئی روایت شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’کرگل کی برفانی چوٹیوں، راجستھان کے جھلستے میدانوں اور گہرے سمندر میں آبدوزوں میں فوجیوں کے ساتھ اس طرح کی تقریبات ہماری ثقافت کا ایک لازمی حصہ بننا چاہیے۔‘‘ اس موقع پر سنگھ نے لیہہ کی جنگی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جس میں ان بہادروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے قوم کی خدمت میں عظیم قربانیاں پیش کیں۔
(یو این آئی)