گاندربل (جموں کشمیر) : وادی کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال اور سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) گاندربل شیامبیر سنگھ نے ضلع بھر میں مختلف محکمہ جات کی جانب سے کی جا رہی تیاریوں اور دیگر اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ طلب کی۔ ڈی سی آفس گاندربل کے وی سی روم میں منعقدہ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران ڈی سی نے سیلاب کی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے مختلف محکمہ جات کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا بغور جائزہ لیا، جس میں ڈی واٹرنگ پمپس کی تنصیب، ریت کے تھیلوں کی فراہمی، لاجسٹک انتظامات، زیر آب آئے علاقوں کی نشاندہی، کنٹرول رومز کا قیام اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا شامل تھا۔ اس کے علاوہ ضروری سامان بشمول ادویات اور راشن کے اسٹاک کا بھی جائزہ لیا گیا۔
امدادی کارروائیوں کے منصوبوں پر بھی میٹنگ کے دوران غور کیا گیا، ہنگامی صورتحال خاص کر لوگوں کے انخلاء کے وقت مناسب جگہوں کی نشاندہی بھی کی گئی۔ ڈی سی نے محکمہ جات کے افسران کو فعال اقدامات سمیت ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کو نشیبی علاقوں میں گھرانوں کی فہرست مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے علاقوں میں طویل اور مختصر مدت کے اقدامات کے لیے ڈی پی آر کی تیاری کا کام بھی سونپا گیا۔ اسی طرح انخلاء کے مقامات اور سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی کے لیے متعلقہ محکموں کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ اس کے علاوہ ضروری آلات اور مواد کو ذخیرہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی؛ بشمول پانی نکالنے والے پمپ، ریت کے تھیلے، کشتیاں اور گاڑیاں شامل ہیں۔ میٹنگ میں ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلزار احمد، اے سی ڈی، ایگزیکٹو انجینئرز سمیت دیگر ضلعی اور سیکٹورلل افسران نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھی: کشمیر میں موسلا دھار بارش اور سردی کا سلسلہ جاری - Rainfall and Cold Spell in kashmir