سرینگر: گزشتہ دنوں حول اور جمالٹہ نواکدل میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں آٹھ رہائشی مکانات اور اثاثہ خاکستر ہونے اور بڑے پیمانے پر املاک و جائیداد کے نقصان پر دارالخیر میرواعظ منزل سرینگر نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔سرپرست دارالخیر میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی طرف سے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی فوری باز آبادکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اس دوران دارالخیر میرواعظ منزل کا ایک وفد، جس کی قیادت مفتی غلام رسول سامون کررہے تھے نے حول اور جمالٹہ نواکدل سرینگر جاکر متاثرہ کنبوں میں چاول، آٹا، کمبل اور کچن کٹ وغیرہ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقعہ پر وفد نے اس بھیانک آگ کی واردات میں جھلس کر فوت ہو جانے والے شخص بشیر احمد کے اہل خانہ سے اس دلدوز حادثے پر جناب میرواعظ کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: سرینگر میں بھیانک آتشزدگی،مکان مالک جاں بحق،6 رہائشی مکان تباہ
دریں اثنا دارالخیر میرواعظ منزل نے یہ بات پھر دہرائی ہے کہ ملت کشمیر اس حقیقت سے باخبر ہے کہ دارالخیر میرواعظ منزل اپنے قیام کی مدت سے لیکر آج تک برابر اپنے مخلصین کی مالی اور جنسی معاونت سے برا بر آفات سماویہ و ارضیہ کے دوران بلا امتیاز مذہب و ملت متاثرین کی حتی المقدور امداد اور بحالی کیلئے اپنی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔اس ضمن میں دارالخیر میرواعظ منزل نے اہل ثروت حضرات سے ماضی کی طرح اس ملی ادارے کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی اپیل دہرائی ہے تاکہ امدادی کام جاری رکھا جاسکے۔