پلوامہ (جموں کشمیر) : وادی کشمیر میں عوام کے ساتھ بہتر تال میل بنائے رکھنے کے لیے جہاں سرکار کی جانب سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہیں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) بھی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے علاوہ انکی طبی نگہداشت کے لیے میڈیکل کیمپ منعقد کر رہی ہے۔ اس سلسلے کی ایک کڑی کے تحت سی آر پی ایف کی 130 بٹالین کی جانب سے نورپورہ، اونتی پورہ میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
طبی کیمپ میں سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کا طبی معائینہ کیا گیا اور انہیں مفت میں ادویات بھی دی گئیں۔ اس موقع پر سی آر پی ایف 130 بٹالین کے اعلیٰ افسران سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے شمولیت کی۔ لوگوں نے اس مفت میڈیکل کیمپ کو منعقد کرانے پر سی آر پی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’علاقہ چونکہ انتہائی پسماندہ ہے اور اس لیے ایسے کیمپ منعقد کرانے سے یہاں کے لوگوں کو بڑی حد تک فائدہ ملے گا۔‘‘
لوگوں نے کہا کہ اس علاقے میں پہلے بھی سی آر پی ایف نے طبی کیمپ منعقد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کیمپ مستقبل میں بھی منعقد ہونے چاہیے، تاکہ غریب اور پسماندہ طبقات کو بھرپور فائدہ مل سکے۔ سی آر پی ایف افسران نے بتایا کہ سیوک ایکشن پروگرام کے تحت میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کی مانگ لوگوں کی جانب سے کی گئی تھی اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا. اس موقع پر ہائر سیکنڈری اسکول نورپورہ کو ایک میڈیکل کٹ بھی عطیہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سوپور میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد - Free Medical Camp