بارہمولہ (جموں کشمیر): شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس نے آنریبل سب جج اُوڑی کی جانب سے جاری کیے گئے اٹیچمنٹ آرڈر پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم عسکری ہینڈلر ادریس احمد میر ولد شکر دین میر 6 کنال اور 10 مرلہ اراضی کو اٹیچ کر دیا ہے۔ اٹیچ کی گئی اراضی کی کی قیمت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
بارہمولہ پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق یہ کارروائی 83 CRPC کے تحت انجام دی گئی جو کہ پولیس اسٹیشن اوڑی میں درج ایک مقدمہ FIR نمبر 91/1998 u/s 2/3 EIMCO کے ساتھ منسلک ہے۔ پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے دوران اس جائیداد کی نشاندہی مفرور اور مطلوب شخص کی ملکیت کے طور پر کی گئی ہے جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 2024 کے پہلے چار مہینوں میں، ضلع بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس نے 11 دہشت گردوں کے قبضے میں 46 کنال اراضی کو اٹیچ کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق سبھی افراد پاکستان میں مقیم ہے اور وادی کشمیر میں امن و امان میں رخنہ ڈالنے اور عسکریت پسندی کو جلا دینے کے درپے ہے۔ یاد رہے کہ عسکریت پسندی اور منشیات فروشی میں ملوث افراد کی جائیداد اٹیچ کرنے کا سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے اور اب تک رہائشی اور تجارتی عمارتوں کے علاوہ درجنوں کنال اراضی کو اٹیچ کیا گیا ہے اس کے علاوہ بعض افراد کے بینک کھاتے میں منجمد کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بارہمولہ میں منشیات فروش کی جائیداد قرق - Kashmir Drug Menace