سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج صبح کشمیر میراتھن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں مختلف ممالک کے 2000 رنرز نے 42 کلو میٹر دوڑ میں حصہ لیا۔
میراتھن کو وزیر اعلیٰ نے صبح سویرے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں قومی، علاقائی اور 59 بین الاقوامی رنرز نے حصہ لیا۔ عمر عبداللہ نے میراتھن کے انعقاد پر محکمہ سیاحت اور سرینگر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ میراتھن کشمیر میں ہر سال منعقد کی جائے گی۔
عمر نے کہ کہا، "میں 21 کلومیٹر دوڑا کیونکہ مجھے شرکاء کے عزم سے حوصلہ ملا۔ میں عام طور پر روزانہ 12 کلومیٹر دوڑتا تھا، لیکن آج 21 کلومیٹر دوڑنا دوسرے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ممکن ہوا،" عمر نے کہا کہ وہ روزانہ سری نگر کے رائل اسپرنگس گولف کلب میں جوگنگ کرتے ہیں۔
میراتھن کا انعقاد جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ سیاحت نے کیا۔ شرکاء کو 42 کلو میٹر کی مکمل یا 21 کلومیٹر کی ہاف میراتھن میں سے ایک انتخاب کرنا ہوگا۔ سیاحت کے ڈائریکٹر راجہ یعقوب فاروق نے بتایا کہ میراتھن کے لیے 2000 شرکاء نے رجسٹریشن کروایا تھا جس میں 13 ممالک کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دوڑنے والے افراد شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ میراتھن کا انعقاد دنیا میں کشمیر کے امن اور سیاحت کو فروغ دینے اور پوری دنیا میں وادی کی مہمان نوازی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا۔ رنرز نے وادی کی سرد صبح میں بڑے عزم کا مظاہرہ کیا۔ کچھ نے مکمل 42 کلومیٹر دوڑائی جب کہ زیادہ تر نے 21 کلومیٹر کی ہاف میراتھن پر اکتفا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا جموں میں والہانہ استقبال
کشمیر کی پہلی بین الاقوامی میراتھن میں 59 غیر ملکی ایتھلیٹس حصہ لیں گے
بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی بھی مدعو افراد میں شامل تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ میراتھن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعے پر سنیل شیٹی نے اپنا تاثر بیان کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک بہت ہی شاندار تقریب تھی جس میں مہمان بنا۔ یہ دیکھ کر سکون محسوس ہوا کہ 2000 رنرز امن اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے دوڑ رہے ہیں۔" شیٹی ہفتے کو سری نگر پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی۔