پلوامہ : جموں و کشمیر میں پلوامہ کے پانپور علاقے میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے بلاک دیوس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ دیہی ترقی اور پنچایت راج نے پلوامہ کے پانپور میں بلاک دیوس کا انعقاد کیا۔ بلاک دیوس کے پروگرام کے دوران ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم ، سی پی او ، تحصیلدار پانپور ، انفارمیشن آفیسر پلوامہ، ڈی ایم او پلوامہ اور ضلع پلوامہ کے تمام محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ضلع انتظامیہ پلوامہ کی طرف سے پانپور علاقہ میں منعقدہ بلاک دیوس پروگرام میں پنچایت حلقہ کے تمام علاقوں سے پی آر آئی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد لوگوں کی شکایات اور مطالبات کو سننا اور شکایات کا فوری حل فراہم کرنا اور مختلف مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ بلاک دیوس پروگرام کے دوران موجود تمام محکموں کے نمائندوں نے مختلف اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں جن کے ذریعے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوان اپنے لئے اور دوسروں کے لئے بھی روزگار پیدا کر سکتے ہیں۔
علاقے کے مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لوگوں کی شکایات اور مطالبات ان کی دہلیز پر سننے اور شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا اقدام کیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پلوامہ سے مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی درخواست کی۔