پلوامہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے پش نظر تشہیری مہم عروج پر ہے۔ ضلع پلوامہ کے ملنگ پورہ میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ عوامی کنونشن میں ضلع صدر لطیف احمد بھٹ، رفیع احمد وانی نیشنل کونسل ممبر، راج محمد وانی، صہیب ایوب اقلیتی ضلع صدر اور پارٹی کے دیگر سینئر ممبران نے شرکت کی۔ بی جے پی یونٹ پلوامہ کے زیر اہتمام عوامی کنونشن میں پارٹی کارکنوں اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
رفیق احمد وانی نے پارلیمانی الیکشن نہ لڑنے کے فیصلے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اعلیٰ حکام کا ہے۔ پارٹی اسمبلی انتخابات کے لئے میدان تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے نہ کہ اقتدار کے لیے۔
یہ بھی پڑھیں: بارہمولہ میں جموں کشمیر آل الائنس ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے کنونشن کا انعقاد
ضلع صدر بی جے پی پلوامہ لطیف احمد بٹ نے ضلع کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قیمت پر مستحق امیدوار کو ووٹ دیں جو عام لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کرے۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ کے عوام بی جے پی کی حمایت کرتے ہیں اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو کامیاب بنائیں گے۔