بڈگام (جموں کشمیر ) : وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے سوگن (کھاگ) علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ریچھ نے ایک شخص کی اس وقت چیر پھاڑ کر ڈالی جب وہ مویشی چرا رہا تھا۔ ریچھ کے حملے میں فوت ہوئے شخص کی شناخت 45 سالہ غلام احمد لون کے طور پر ہوئی ہے جو سوگن یاری نار، کھاگ کا رہائشی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ریچھ قریبی جنگل سے اچانک نمودار ہوا اور اس نے غلام احمد پر اچانک اور پلک جھپکتے ہی اس وقت حملہ کر کے اسے ابدی نیند سلا دیا۔ لوگوں نے بتایا کہ ریچھ کے حملے کے فوراً بعد زخمی ہوئے شخص کو بچانے کی کوششیں کی گئیں تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ ’’ریچھ بہت جارحانہ انداز میں نمودار ہوا اور سیکنڈوں میں اس پر دھاوا بولا اور غلام احمد کو شدید زخمی ہو گیا۔ غلام احمد خون میں لت پت جلد ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ریچھ کا حملہ اتنا خوفناک تھا کہ کوئی بھی اس کے قریب نہ جاسکا۔‘‘
مقامی باشندوں کی اطلاع پر پولیس اسٹیشن کھاگ کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور اس حادثے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں رواں سال کے دوران متعدد ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جہاں جنگلی جانوروں نے انسانوں پر حملہ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ضلع کے ہی خانصاحب علاقے میں اسی طرح کے ایک واقعے میں دو کمسن بچوں کو تیندوے نے ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے حرکت میں آکر اس ’آدم خور تیندوے‘ کو ہلاک کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ میں ریچھ کے حملے میں دو افراد زخمی - Bear Attack In Anantnag