گاندربل (جموں کشمیر): وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں بدھ کی صبح آتشزدگی کی واردات میں آرا مشین مل خاکستر ہو گئی۔ آگ کی یہ واردات ضلع کے تولہ مولہ، لدھونہ میں رونما ہوئی اور آگ کے سبب لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔ آگ کے سبب گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کے سبب آرا مشین مل میں موجود لکڑی سمیت مشینری کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح آرا مشین مل سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے اور مل میں موجود سینکڑوں مکعب فٹ لکڑی کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ مقامی باشندوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو آگ کی اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا تاہم آگ کے سبب مل میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی عمارتی لکڑی تباہ ہو گئی۔ مقامی باشندوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ کی ستائش کی۔ انہوں نے آگ میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان نہ ہونے پر اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے بینڈ سا مالک کی مالی معاونت کی اپیل کی۔
آگ لگنے کی ممکنہ وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے تاہم اس ضمن میں جموں کشمیر پولیس نے اصل حقائق کی جانچ کرنے کے لیے معاملہ درج کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بڈگام، آتشزدگی میں مدرسہ خاکستر - Madrassa Gutted