بانڈی پورہ: شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے کنبتھی گاؤں کے دیہاتیوں نے پیر کو اپنے علاقے میں نل کے پانی کی سپلائی نہ ہونے کے خلاف بانڈی پورہ-سوپور روڈ کو بلاک کردیا۔
مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکینوں کی جانب سے متعلقہ محکمے کو متعدد درخواستوں کے باوجود کئی سالوں سے پانی کی بنیادی سہولت نہ ہونے کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔
مکینوں نے الزام لگایا کہ علاقے کے لیے واٹر سپلائی سکیم 2008 میں کنبتھی کے لیے منظور کی گئی تھی لیکن محکمہ علاقے کے مکینوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا۔
متعلقہ جل شکتی محکمہ کے افسران پر ان کی درخواستوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے، مکینوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے، مکینوں نے الزام لگایا کہ واٹر سپلائی اسکیم کو ان کے علاقے کے لیے سیکشن کیا گیا ہے لیکن محکمہ اسے دوسرے علاقے میں منتقل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ محکمہ نے ہمیں مقامی ندیوں کا گندا پانی پینے پر مجبور کیا، ہمیں اپنے خاندان کے لیے پانی لانے کے لیے ایک کلومیٹر پیدل جانا پڑتا ہے۔
ایک مقامی خاتون نے کہا "ہم ہر پانچ یا چھ ماہ بعد تکلیف اٹھا رہے ہیں۔ محکمہ ہمیں یقین دلاتا ہے کہ اس مسئلے کو دو یا تین ماہ میں حل کر دیا جائے گا لیکن اس کے بعد کچھ نہیں ہوا،‘‘۔