ترال : وادی میں انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب منتخب ممبر اسمبلی نے اپنے اپنے حلقہ انتخابات میں عوامی رابطہ مہم اور دیگر پروگراموں میں شرکت کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں آج ممبر اسملی ترال رفیق احمد نائیک نے پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت بٹنور ترال میں منعقد ایک پروگرام میں شمولیت کی ۔ جس میں بلاک ڈیولپمنٹ افسر ترال اور باقی افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
منعقدہ تقریب کے دوران لوگوں نے مختلف نوعیت کے مسائل ان کے نوٹس میں لائے۔انہوں نے بتایا کہ عوام کودرپیش مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔ رفیق احمد نائیک نے بتایا میں نے جو وعدے انتخابات کے دوران عوام کے ساتھ کئے تھے انہیں نبھانے کی کوشش کروں گا اور اس حوالے سے عوامی مسائل کو مقررہ وقت کے اندر حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو راحت نصیب ہو انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی وقت ان کے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ الیکشن کے وقت لوگ ایکدوسرے کے خلاف تھے اور مختلف سیاسی نظریات رکھتے تھے لیکن الیکشن ختم ہونے کے بعد ترقیاتی کاموں میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے بلکہ گاؤں والوں کو مل جل کر ترقیاتی ماکوں کو خاکہ بنانا چاہئے جس پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ موسم سرما کے پیش نظر علاقے کا دورہ کررہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کا جائزہ لیا جاسکے اور انتظامیہ کو متحرک کیا جائے کہ لوگوں کی ضروریات کا خیال کریں۔
رفیق احمد نائیک نے پی ڈی پی کے امیدوار کی حیثیت سے حالیہ الیکشن میں حیرت انگیز کامیابی حاصل کی۔ وہ الیکشن سے چند ماہ قبل سرکاری نوکری سے ریتائر ہوگئے تھے۔