مالیگاؤں (مہاراشٹر): مالیگاؤں کے سابق رکن پارلیمنٹ آصف شیخ نے ہائی کورٹ و سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ گستاخِ رسول گری راج مہاراج اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے نتیش رانے کے خلاف ایکشن لیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے ملک کا ماحول خراب ہو رہا ہے۔
آصف شیخ نے مہاراشٹر کی ریاستی حکومت پر زور دیا کہ مسلمانوں اور مساجد پر نازیبا جملہ کسنے اور مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا جائے۔ اسی طرح حضور اکرم صل اللہ علیہ وسلم کی شان میں مبینہ طور پر گستاخی کرنے والے گری راج مہاراج کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک اور ریاست میں قانون کی بالادستی کو برقرار رکھا جائے۔ قانون نے ہر شہری کو مذہبی آزادی دی ہے اس لئے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے گری راج مہاراج اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے نتیش رانے کیخلاف حکومت کارروائی کرے۔ اور انہیں گرفتار کرتے ہوئے سزا دی جائے۔
مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے نظریہ رکھنے والوں کو عوام معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ جس قانونی و دستوری عہدے پر فائز ہیں انہیں چاہیے کہ وہ گستاخ گری راج کی پشت پناہی نہ کریں بلکہ اس کے خلاف کارروائی کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
اسی طرح سرکار نتیش رانے پر بھی لگام لگائے۔ آصف شیخ نے اس ضمن میں سپریم کورٹ و ممبئی ہائی کورٹ سے بھی گزارش کی ہے کہ کورٹ ان دونوں اشخاص کے خلاف دخل اندازی کرے اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے معاملے میں سومونو پٹیشن دائر کرے اور ریاستی سرکار کو حکم دے کہ ان دونوں افراد کے خلاف سخت کاروائی کرے۔