راجوری: سرحدی ضلع راجوری کے سندربنی علاقے میں پیر کی دوپہر ایک فوجی طیارے نے کھیتوں میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ معلوم ہوا ہے کہ تکینیکی خرابی کی وجہ سے پائلٹ نے کھیتوں میں طیارے کو لینڈ کرایا جبکہ اس دوران کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ذرائع کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ ’’چیتا‘‘ نامی فوجی طیارہ راجوری کی سرحدوں پر چکر لگاہا تھا کہ سندربنی کے نزدیک پائلٹ نے ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی دیکھتے ہوئے لینڈ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ کیے جانے کے فوری بعد فوج اور پولیس کی ٹیم مدد کے لیے جائے موقع پر پہنچی۔ جس کے بعد پائلٹ کی نشاندہی پر تکنیکی خرابی کو دور کیا جس کے بعد ہیلی کاپٹر نے پھر سے اڑان بھری۔ اس سے قبل بھی جموں و کشمیر میں متعدد بار اس طرح کی تکنیکی یا موسمی خرابی کے بعد طیاروں نے ہنگامی لینڈنگ کی تاہم بعض واقعات میں طیارے حادثے کے بھی شکار ہوئے ہیں جن میں پائلٹ و کو پائلٹ کی موت بھی واقع ہوئی ہے تاہم آج کے اس واقعے میں کسی بھی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: Air India Flight Emergency Landing پیرس جانے والی ایئر انڈیا فلائٹ کی دہلی میں ایمرجنسی لینڈنگ
یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سمیت انٹرنیشنل بارڈر (آئی بی) پر لگاتار سرچ آپریشن جاری رہتا اور زمینی گشت کے ساتھ ساتھ بعض اوقات ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سے بھی سرحد پر دراندازی سمیت دیگر غیر ملکی سرگرمیوں پر نظر گزر رکھنے کے لیے استعمال میں لایا جاتا ہے۔ موصولہ جانکاری کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر پونچھ ضلع سے جموں کی طرف جا رہا تھا کہ سندربنی کے نزدیک راجوری کے ایک گاؤں میں لینڈ کیا۔