بانڈی پورہ: اپنی پارٹی کے بانڈی پورہ حلقہ سے امیدوار سید شفاعت کاظمی نے اپنے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ دیگر سیاسی پارٹیوں کی طرف سے ان کے کارکنوں کو گزشتہ چند دنوں سے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے سید شفاعت کاظمی نے کہا کہ گزشتہ روز کچھ نامعلوم افراد نے ان کے کارکنوں کو دھمکیاں دیں۔ انہونے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے وعدے کی سراسر خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوری عمل میں حصہ لینا ہر ایک کا دستوری حق ہے لیکن جن امیدواروں کو لگتا ہے کہ وہ ہار رہے ہیں، وہ اب اپنے کارکنوں کے زریعہ دوسری جماعتوں کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ سے ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ انہونے کہا کہ اگر زمینی حقائق کو دیکھا جائے تو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کہیں بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔
شفاعت حسین کاظمی نے انتظامیہ پر پرامن اور تنازعات سے پاک انتخابات کےلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہراساں کرنے کے معاملہ میں کسی پارٹی کا نام نہیں لیا۔