سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد کے سیکریٹری کے بیان کے مطابق مرکزی جامع مسجد سرینگر میں حسب روایت امسال بھی شبِ برات کی مقدس تقریب پورے عقیدت و احترام کے ساتھ 25 فروری منائی جارہی ہے۔
بیان میں اس اُمید کا اظہار کیا گیا ہے کہ میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کے وعظ و تبلیغ پر سرکار کی طرف سے عائد پابندی اس مقدس رات کے پیش نظر اٹھائی جائیگی، تاکہ وہ حسب دستور مرکزی جامع مسجد سرینگر میں شبِ برات کی فضیلت و اہمیت پر مفصل روشنی ڈالنے کے علاوہ اجتماعی طور توبہ استغفار کی مجلس کی پیشوائی کرسکیں گے۔
انجمن اوقاف نے عوام الناس سے شبِ برات کے موقعے پر تاریخی جامع مسجد میں شرکت کی استدعا ہے۔اس دوران نماز عشاء ساڑھے نو بجے رات ادا کی جائیگی۔
اوقاف نے واضح کیا ہے کہ ستمبر 2023 میں جب میرواعظ کو چار سال سے زائد کی من مانی نظر بندی کے بعد رہا کیا گیا، تب سے آج تک انہیں صرف تین جمعہ تک ہی مرکزی جامع مسجد میں نماز پڑھنے اور خطبے دینے کی اجازت دی گئی، حتیٰ کہ شبِ معراج کے اہم مذہی موقعہ پر بھی میرواعظ کو مرکزی جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
مزید پڑھیں: میرواعظ عمر فاروق آج بھی گھر میں نظر بند
ایسے میں امید کی جارہی ہے کہ شبِ برات کے موقع پر میر عواعظ کو جامع مسجد میں وعظ و تبلیغ کی اجازت دے گی۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ قریب آرہا ہے اور بحیثیت میرواعظ کشمیر میرواعظ کو متعدد مذہبی تقریبات اور اجتماعات میں وعظ و تبلیغ کا پروگرام طے شدہ ہے، اس لیے ان کی رہائی ضروری ہے۔