اننت ناگ(جموں و کشمیر): جموں کشمیر کے نوجوان کسی بھی شعبہ میں اپنا لوہا منوانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ دور حاضر میں نوجوان کھیل کود کی جانب اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔ ایسے میں سرکار کی جانب سے بھی نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب متوجہ کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔ تاکہ نوجوان سماجی جرائم اور منشیات کی وبا سے دور رہیں۔
لیکن دوسری جانب کھیل کود کے ڈھانچہ کو مستحکم کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے، جس کی مثال قصبہ اننت ناگ کے سپورٹس اسٹیڈیم کو دیکھ کر مل رہی ہے۔
قصبہ اننت ناگ کے مہندی کدل میں موجود اسٹیڈیم کو تاریخی اسٹیڈیم کی حیثیت حاصل ہے۔مذکورہ اسٹیڈیم کو سنہ 1962 میں تعمیر کیا گیا ہے،یہ قصبہ اننت ناگ کا واحد اسٹیڈیم ہے، جہاں پر روزانہ سینکڑوں نوجوان کھیل کود کی سرگرمیوں میں مشغول رہتے تھے ،
وہیں اسٹیڈیم میں مقامی سطح کے مختلف ڈے نائٹ ٹورنامنٹس کھیلے جاتے تھے ،تاہم عرصہ دراز سے اسٹیڈیم کی تجدید ومرمت نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے اسٹیڈیم کی حالت نا گفتہ بہہ ہو گئی۔اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے اسٹیڈیم کی مرمت کا کام شروع کیا گیا اور اسٹیڈیم میں مٹی کی بھرائی کی گئی، تاہم بعد میں مرمت کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا، جس کے سبب اسٹیڈیم کی حالت مزید ابتر ہو گئی۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ میں نائٹ فٹبال میچ، تماشائیوں کا ہجوم
برفباری اور بارشوں کے بعد اسٹیڈیم میں ہر طرف صرف کیچڑ نظر آرہا ہے۔اسٹیڈیم کی خستہ حالی کے بعد نوجوانوں کو کھیلنے کے لئے دیگر مقامات کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔عوام نے اسٹیڈیم کی حالت کو فوری طور پر بہتر کرنے کی اپیل کی۔